Spanish Residency Card

اسپین میں اوورسیز پاکستانیوں کے لیے ریزیڈنٹ کارڈ اسکیم: اہل افراد کو ابتدائی طور پر ایک سالہ رہائشی کارڈ جاری ہوگا

Federal Interior Minister Mohsin Naqvi

اسلام آباد: حکومتِ پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ اہل اوورسیز پاکستانیوں کو اسپین میں ابتدائی طور پر ایک سال کے لیے ریزیڈنٹ کارڈ جاری کیا جائے گا۔ یہ فیصلہ اوورسیز پاکستانیوں کے لیے اسپین کے ریزیڈنٹ کارڈ اسکیم سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا، جس کے بعد اتوار کو سرکاری اعلامیہ جاری کیا گیا۔

اعلیٰ سطحی اجلاس، اہم وزرا کی شرکت

اجلاس کی صدارت وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز سالک حسین نے مشترکہ طور پر کی۔

وزارت داخلہ کے حکام نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو قانونی تحفظ اور سہولیات فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا، جبکہ وزارت خارجہ نے اسپین ریزیڈنٹ کارڈ کے عمل میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

پالیسی سیاسی پناہ کے لیے نہیں

اسپین میں پاکستان کے سفیر ڈاکٹر ظہور احمد نے اسکیم پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ پالیسی سیاسی پناہ (Political Asylum) کے خواہشمند افراد کے لیے نہیں ہے۔

اعلامیے کے مطابق درخواست دہندگان کو کریکٹر سرٹیفکیٹ سمیت تمام ضروری دستاویزات جمع کرانا ہوں گی۔

ایک سالہ کارڈ، بعد میں مستقل رہائش اور شہریت کا راستہ

حکام کے مطابق اہل افراد کو ابتدائی طور پر ایک سال کے لیے ریزیڈنٹ کارڈ جاری کیا جائے گا۔ سات سے آٹھ سال مکمل کرنے کے بعد مستقل رہائش (Permanent Residency) اور شہریت کے حصول کا راستہ کھل جائے گا۔

دستاویزات کی تصدیق کا عمل تیز کیا جائے گا تاکہ درخواست گزاروں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

قومی کریکٹر سرٹیفکیٹ لازمی قرار

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ متعدد کریکٹر سرٹیفکیٹس قبول نہیں کیے جائیں گے۔ صرف ایک قومی کریکٹر سرٹیفکیٹ جاری ہوگا، جو نیشنل پولیس بیورو کی جانب سے فراہم کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ویریفکیشن کے عمل کو آسان اور تیز بنایا جائے گا، اور درخواست گزاروں کو ہر مرحلے پر مکمل معاونت فراہم کی جائے گی۔

ہزاروں پاکستانیوں کو قانونی حیثیت ملے گی

وفاقی وزیر سالک حسین نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے ہزاروں پاکستانیوں کو قانونی حیثیت حاصل ہوگی۔

اہم حکام کی شرکت

اجلاس میں زوم کے ذریعے اسپین میں پاکستان کے سفیر، بارسلونا میں قونصل جنرل اور کمیونٹی ویلفیئر اتاشی نے شرکت کی۔

دیگر شرکاء میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلعت چوہدری، سیکریٹری داخلہ، سیکریٹری اوورسیز پاکستانیز، ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ، چیئرمین نادرا، ڈی جی ایف آئی اے، ڈی جی پاسپورٹس اور دیگر اعلیٰ حکام شامل تھے۔